ایران کا ہرمز کے باہر نیا ممنوعہ زون بنانے کا اعلان، داخل ہونے والے جہازوں پر پابندی لگے گی
تہران: ایران کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی نے کہا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز کے باہر ایک نیا محدود بحری زون قائم کرنے کا اعلان آئندہ چند روز میں کرے گا۔
الجزیرہ کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو میں محسن رضائی نے بتایا کہ یہ زون امریکی بحریہ کی قائم کردہ ناکا بندی کی لائن سے شروع ہوگا اور خلیج کے مزید علاقوں تک پھیلے گا۔
ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا کہ نئے زون میں داخل ہونے والے کسی بھی بحری جہاز کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کردیا جائے گا۔
محسن رضائی کے مطابق ایران عمان کے ساتھ مل کر ایک نئے بین الاقوامی بحری راستے پر بھی کام کر رہا ہے۔
ان کے بقول اس راستے کا تعین عمانی حکام کے ساتھ مشاورت سے کیا گیا ہے اور اس کی تفصیلات آئندہ چند روز میں جاری کردی جائیں گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت، عالمی توانائی کی ترسیل اور ایران امریکا کشیدگی کے باعث خطے کی سمندری صورتحال انتہائی حساس بنی ہوئی ہے۔
