امیر ملک کے اعزاز میں پروقار تقریبِ استقبالیہ، کمیونٹی رہنماؤں اور معززین کی شرکت

فورٹ بینڈ کاؤنٹی (ٹیکساس)(نمائندہ خصوصی) فورٹ بینڈ سینٹرل اپریزل ڈسٹرکٹ (FBCAD) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پلیس 3 پر نو منتخب رکن امیر ملک کے اعزاز میں ایک پروقار تقریبِ استقبالیہ اور جشنِ کامیابی کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی و مقامی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات، سماجی و سیاسی رہنماؤں، کاروباری حلقوں اور امیر ملک کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے شرکاء نے امیر ملک کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کمیونٹی کے لیے خدمات اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ امیر ملک کا اس اہم عوامی ادارے کے بورڈ میں منتخب ہونا خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے فورٹ بینڈ کاؤنٹی کے شہریوں کو پراپرٹی ٹیکس اور جائیدادوں کی قیمتوں کے تعین (اپریزل) سے متعلق درپیش مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔مقررین کا کہنا تھا کہ پراپرٹی ٹیکس کے نظام میں شفافیت، منصفانہ اپریزل اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ مقامی آبادی کے اہم تقاضے ہیں، جن کے لیے امیر ملک کی شمولیت مثبت ثابت ہو سکتی ہے۔اس موقع پر نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹر امیر ملک نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین اور شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ اس اہم ذمہ داری کو عوامی اعتماد اور خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلا تفریق تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ، انصاف پر مبنی نظام کی حمایت اور عوامی توقعات پر پورا اترنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا۔امیر ملک نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ فورٹ بینڈ کاؤنٹی کے رہائشیوں کی آواز بننے اور ان کے مسائل متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر شرکاء نے امیر ملک کے ساتھ گروپ تصاویر بنوائیں اور انہیں نئی ذمہ داریوں کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں