آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے دو آئل ٹینکرز ٹکراگئے
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں جہازوں پر زوردار دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی حکام کے مطابق دونوں جہازوں نے ایران کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کی تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پیر، 16 نومبر 2026ء کو ایرانی سرکاری میڈیا پر نشر کیے گئے بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں اتوار اور پیر کے دوران اسی نوعیت کے واقعات میں مجموعی طور پر چھ آئل ٹینکروں میں آگ لگی۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے مطابق متاثرہ جہازوں نے اپنے ریڈار اور پوزیشننگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور ایرانی حکام سے رابطہ کیے بغیر خفیہ طور پر آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جہازوں نے بحری ٹریفک کنٹرول سینٹر کی ہدایات پر عمل نہیں کیا اور غیر مجاز راستے پر سفر جاری رکھا، جس دوران وہ سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
