ریحان صدیقی کی جانب سے راحت فتح علی خان اور شاہ زمان علی خان کے اعزاز میںپروقار ’میٹ اینڈ گریٹ‘ تقریب
ہیوسٹن (ٹیکساس)(نمائندہ خصوصی) معروف انٹرنیشنل پروموٹر ریحان صدیقی کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار استاد راحت فتح علی خان کے اعزاز میں ہیوسٹن کے معروف آغا ریسٹورنٹ اینڈ کیٹرنگ میں ایک پروقار ’میٹ اینڈ گریٹ‘ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات، سماجی و کاروباری حلقوں کے نمائندوں، منتظمین، میڈیا کے افراد اور موسیقی سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے شرکاء نے استاد راحت فتح علی خان کا پرتپاک استقبال کیا اور موسیقی کے میدان میں ان کی عالمی سطح پر نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کمیونٹی رہنماؤں اور مداحوں کو عالمی شہرت یافتہ گلوکار سے براہِ راست ملاقات، تبادلۂ خیال اور یادگاری تصاویر بنوانے کا موقع بھی ملا۔اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی خان نے اپنی منفرد آواز اور فن کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر کی موسیقی کو دنیا بھر میں متعارف کرایا ہے۔ ان کی گائیکی سرحدوں سے بالاتر ہوکر مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔استاد راحت فتح علی خان نے اس موقع پر انٹرنیشنل پروموٹر ریحان صدیقی، ہیوسٹن کی پاکستانی کمیونٹی اور آغا ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کا پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور پذیرائی پر ہمیشہ فخر محسوس ہوتا ہے۔ وہ اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ راحت فتح علی خان کے ہیوسٹن میں ہونے والے میگا کنسرٹ کے سلسلے میں منعقدہ یہ خصوصی تقریب کمیونٹی کے لیے ان سے ملاقات اور قربت کا ایک یادگار موقع ثابت ہوئی۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
میٹ اینڈ گریٹ
