ٹرمپ کا ایران کے خلاف اقتصادی ڈی ڈے کا اعلان، حمایت کرنے والے ممالک کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اب تک کی سخت ترین معاشی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے اسے اقتصادی جنگ اور غیر معمولی پیمانے پر تنہائی قرار دیا ہے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو معاہدے کے لیے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ مواقع دیے گئے تاہم تہران نے ان مواقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے فوجی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں اور ملکی معیشت انتہائی کمزور حالت میں ہے۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ جو بھی ملک ایران کو معاشی سہارا فراہم کرے گا اسے بھی بہت سنگین معاشی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر ایران کی تیل اسمگلنگ، مالیاتی لین دین، کیش ٹرانسفرز، ایکسچینج ہاؤسز، شپ رجسٹریز اور فرنٹ کمپنیوں کے ذریعے معاونت روکنے کا مطالبہ کیا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ Economic D-Day ہوگا اور امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران کو تنہا کرنے اور اس کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے کام کرے گا۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔
