ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کا خدشہ، ٹرمپ کے گالف کلب پر فضائی دفاعی نظام تعینات
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سکیورٹی کے پیش نظر نیو جرسی میں واقع ان کے نجی گالف کلب کے اطراف فضائی دفاعی نظام تعینات کر دیا گیا ہے۔ امریکی دفاعی ویب سائٹ دی وار زون کے مطابق یہ اقدام ایران کی جانب سے ممکنہ ڈرون اور میزائل حملوں کے خدشات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیو جرسی کے علاقے بیڈمنسٹر میں واقع ٹرمپ کے گالف کلب کی حالیہ ویڈیوز اور تصاویر میں فضائی دفاعی نظام واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ مناظر اس وقت کے ہیں جب صدر ٹرمپ گالف کلب میں موجود تھے اور وہاں ایک گالف ٹورنامنٹ کا فائنل راؤنڈ جاری تھا۔
امریکی دفاعی ویب سائٹ کے مطابق فوٹیج میں ٹرمپ کے پس منظر میں مختصر فاصلے تک فضائی اہداف کو نشانہ بنانے والا ایونجر ایئر ڈیفنس سسٹم نظر آ رہا ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں سینٹینل ایئر ڈیفنس ریڈار بھی نصب دکھائی دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے ان ویڈیوز اور تصاویر کی اصلیت کی تصدیق کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر کی موجودگی کے دوران گالف کلب کے اطراف سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔
ٹرمپ کی سکیورٹی کے حوالے سے صورتحال اس وقت مزید نمایاں ہوگئی جب صدر کی موجودگی کے دوران گالف کلب کے گرد قائم عارضی نو فلائی زون میں دو سویلین طیارے داخل ہوگئے۔
نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ کے مطابق امریکی ایف-16 لڑاکا طیاروں نے دونوں طیاروں کو روکا اور انہیں بحفاظت ممنوعہ فضائی حدود سے باہر نکال دیا۔
نورڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں پائلٹس پر زور دیا کہ وہ ہر پرواز سے قبل فضائی حدود سے متعلق تازہ ترین سرکاری ہدایات کا لازمی جائزہ لیا کریں۔
امریکی میڈیا کے مطابق دونوں سویلین طیارے ٹرمپ کے نجی گالف کلب کے قریب موجود تھے، جہاں صدر نے ہفتے کے اختتام پر قیام کیا تھا۔
