سعودی ولی عہد کا صدر ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ
سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد نے گفتگو کے دوران کہا کہ موجودہ حالات میں تمام فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات کرنے چاہییں جو خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے سفارتی حل تلاش کیے جائیں جو مثبت نتائج دیں، علاقائی سلامتی کو محفوظ بنائیں اور مشرق وسطیٰ کو ایک وسیع جنگ کی طرف جانے سے روکیں، کیونکہ اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی امن و استحکام بھی متاثر ہو سکتا ہے۔بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی خبر رساں ایجنسی نے اس گفتگو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم اسے ایسے وقت میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور مختلف ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔
