تہران اور دبئی کے درمیان پروازیں یکم جولائی سے دوبارہ شروع ہوں گی
امریکا سے جنگ بندی معاہدے طے پانے کے بعد ایران نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ فضائی سفر کو یکم جولائی سے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعلان ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سربراہ ماجد اخوان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انھوں نے مزید بتایا کہ ایران اور امارات کے وزارت ہوا بازی کے حکام نے تمام ضروری تکنیکی اور انتظامی اجازت نامے جاری کر دیے اور پروازوں کی بحالی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوگئیں۔ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں صرف ایرانی ایئرلائنز تہران اور دبئی کے درمیان پروازیں آپریٹ کریں گی۔ بعد ازاں ضروری انتظامات مکمل ہونے پر اماراتی اور دیگر بین الاقوامی ایئرلائنز کو بھی اس روٹ پر پروازوں کی اجازت دی جائے گی۔ایرانی حکام کے مطابق دیگر بین الاقوامی فضائی راستوں کی بحالی پر بھی غور جاری ہے تاہم ان کے بارے میں حتمی فیصلہ ملکی سلامتی اور متعلقہ حکومتی اداروں کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔



