یمن میں حوثیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان جنگ
یمن میں حوثی ملیشیا اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے علاقوں تعز کے مغرب اور حدیدہ کے جنوب میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے گھمسان کی جنگ جاری ہے۔حوثی ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ تعز اور حدیدہ کے درمیان مختلف محاذوں پر جاری لڑائی میں انصار اللہ (حوثی) جنگجوؤں اور یمنی حکومتی فوج کے 100 سے زیادہ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق حوثیوں نے جمعرات کی صبح مغربی تعز کے متعدد محاذوں پر حکومتی فورسز کے خلاف اچانک حملے شروع کیے۔کارروائی میں میزائل اور ڈرونز کے استعمال کے بعد زمینی لڑائی شروع ہوئی جسے مقامی ذرائع نے 2022 کے بعد اس علاقے میں ہونے والی شدید ترین جھڑپوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔حوثی جنگجوؤں نے مقبانہ، موزعہ اور جبل حبشی کے علاقوں میں کئی محاذوں پر پیش قدمی کی جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کے ایک بار پھر نقل مکانی کرنے کی اطلاعات ہیں۔
