غزہ میں اسرائیلی حملہ، 11 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی حملہ، 11 فلسطینی شہید

جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق تازہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 11 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں، جن میں ایک صحافی اور ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق رات گئے غزہ سٹی کے علاقے الصبرہ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں الصفدی خاندان کے چار افراد، جن میں میاں بیوی اور ان کی دو کمسن بیٹیاں شامل تھیں، جاں بحق ہوگئے جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے۔غزہ کے الشفا اسپتال نے تصدیق کی کہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان کے رشتہ دار نائل الصفدی نے کہا کہ حملے کے وقت خاندان کے افراد سو رہے تھے اور ان کا کسی عسکری گروہ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔عینی شاہدین کے مطابق میزائل حملے سے عمارت کا ایک بڑا حصہ تباہ ہوگیا، جبکہ گھریلو سامان، کپڑے اور دیگر اشیا ملبے تلے دب گئیں۔ حملے میں زندہ بچ جانے والے محمد الصفدی نے کہا کہ وہ ایک عام شہری ہیں اور ان کا کسی مسلح سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں