لبنان پر اسرائیلی حملے جاری، اموات کی تعداد 3526 ہوگئی
لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکا کی ثالثی میں طے پانے والی نئی جنگ بندی کو حزب اللہ نے مسترد کرتے ہوئے اسے ’ڈھونگ‘ قرار دے دیا ہے، جبکہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے حکام نے واشنگٹن میں امریکی ثالثی کے ذریعے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا، تاہم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اس معاہدے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اسرائیل لبنان پر حملے جاری رکھے گا، شمالی اسرائیل حزب اللہ کے حملوں کی زد میں رہے گا۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 3 ہزار 526 افراد جاں بحق جبکہ 10 ہزار 733 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جنوبی لبنان اور دیگر علاقوں میں فضائی اور زمینی حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔



