ایران میں امریکی حملوں میں مزید 3 افراد شہید

ایران میں امریکی حملوں میں مزید 3 افراد شہید

ایران کے صوبہ ہرمزگان میں امریکی فضائی حملوں میں مزید 3 افراد شہید اور 8 زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ ایران نے امریکی اور اتحادی اہداف کے خلاف متعدد جوابی کارروائیوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر نے بتایا کہ امریکی فضائی حملوں میں 3 افراد شہید اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے ایک روز قبل بھی ہرمزگان میں امریکی حملوں کے نتیجے میں 8 شہری شہید ہوئے تھے جن میں 4 خواتین، 2 معذور بھائیوں سمیت 4 مرد شامل تھے۔ دوسری جانب کویتی فوج نے کہا ہے کہ گزشتہ صبح اس نے اپنی فضائی حدود میں دشمن کے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو روکا۔ فوج کے مطابق ایرانی حملوں میں بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ سمیت اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ڈرون حملوں میں چند فوجی زخمی ہوئے، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں اردن میں قائم ایک امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ روسی میڈیا کے مطابق حملے سے قبل امریکی اہلکاروں کا انخلا نہیں کرایا گیا تھا اور جانی نقصان کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔ادھر ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بوشہر کے فضائی علاقے میں ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مار گرایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں