برطانیہ کے متوقع وزیراعظم اینڈی برنہم کا غزہ پر لیبر پارٹی کے مؤقف پر اظہارِ افسوس
برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سینئر رہنما اور مستقبل کے ممکنہ قائد اور وزیراعظم اینڈی برنہم نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے حوالے سے اپنی جماعت کے ابتدائی مؤقف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبر پارٹی اس معاملے پر عوام کی توقعات پر پوری نہیں اتر سکی۔برطانوی اخبار دی گارڈین کو دیے گئے انٹرویو میں اینڈی برنہم نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا یہ احساس درست ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے آغاز پر لیبر پارٹی نے مناسب مؤقف اختیار نہیں کیا۔انہوں نے کہا، ’میں جانتا ہوں کہ بہت سے لوگ محسوس کرتے ہیں کہ میری جماعت نے غزہ کے معاملے پر ابتدا میں درست فیصلہ نہیں کیا، اور میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔ ہمارا ردعمل کئی مواقع پر عوامی توقعات کے مطابق نہیں تھا، ہمیں مستقبل میں بہتر کردار ادا کرنا ہوگا۔‘اینڈی برنہم نے مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے دوران جنگی جرائم سے متعلق شواہد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تاہم انہوں نے ان کارروائیوں کو براہِ راست ’نسل کشی‘ قرار دینے سے گریز کیا۔ان کے مطابق اس بات کا فیصلہ بین الاقوامی عدالتوں کو کرنا چاہیے کہ آیا غزہ میں ہونے والے اقدامات بین الاقوامی قانون کے تحت نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں یا نہیں، اور اس معاملے پر حتمی رائے سیاست دانوں کے بجائے عدالتی اداروں کو دینی چاہیے۔
