یوکرین کا روس پر بڑا وار، دو آئل ریفائنریاں تباہ، پیوٹن نے مشکل دور کا اعتراف کر لیا
یوکرین نے روس کی دو اہم آئل ریفائنریوں پر ڈرون حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد دونوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی جبکہ ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ یوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد روس کی جنگی صلاحیت اور ایندھن کی سپلائی کو کمزور کرنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین نے رات کے وقت روس کے کراسنودار اور یاروسلاول کے علاقوں میں واقع دو آئل ریفائنریوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔ صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یوکرین روس کی جنگی مشین کو کمزور کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
رپورٹس کے مطابق حملوں میں سلاویانسک آئل ریفائنری بھی نشانہ بنی، جس کی یومیہ پیداواری صلاحیت تقریباً ایک لاکھ بیرل خام تیل ہے۔ کراسنودار کے گورنر نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریفائنری میں شدید آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں قریبی گاؤں میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
ادھر یاروسلاول کے علاقے میں بھی حملے کے بعد ماسکو جانے والے بعض اہم زمینی راستوں پر عارضی سفری پابندیاں عائد کر دی گئیں تاکہ سکیورٹی صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب گزشتہ ہفتے بھی ماسکو کے جنوب مشرق میں واقع ایک آئل ریفائنری پر بڑے ڈرون حملے کے بعد شدید آگ لگ گئی تھی۔
یوکرین کی جانب سے روس کے توانائی کے مراکز اور لاجسٹک نظام پر مسلسل حملوں کے باعث جنوبی روس اور روس کے زیرِ قبضہ کریمیا میں ایندھن کی قلت، بجلی کی بندش اور راشن بندی جیسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ یہ حملے روس کی جانب سے فروری 2022 سے یوکرینی شہروں، شہری آبادی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے مسلسل حملوں کا جواب ہیں۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے حکمران جماعت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ملک اس وقت ایک ’مشکل دور‘ سے گزر رہا ہے، تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ روس اپنی سرحدوں، شہریوں اور قومی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ پیوٹن نے یوکرینی حملوں کو ’دہشت گردی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس ان چیلنجز پر قابو پا لے گا۔
ادھر یوکرینی فوج نے بھی دارالحکومت کیف پر روسی بیلسٹک میزائل حملے کی اطلاع دی ہے، جبکہ کیف کے میئر کے مطابق فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



