آصف زرداری کا چین کے صوبے حنان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صوبے حنان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہیں کمپنی کے جدید مینوفیکچرنگ نظام، تحقیق و ترقی اور صنعتی پیداوار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سانی گروپ کے چیئرمین تانگ شیوگو نے کمپنی کے ڈیجیٹلائزڈ پروڈکشن سسٹم، آٹومیشن اور مالی و آپریشنل کارکردگی پر روشنی ڈالی، جبکہ چانگشا کی نائب میئر بھی موجود تھیں۔دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان انجینئرنگ، تعمیراتی مشینری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت نے جدید صنعتی نظام، ٹیکنالوجی کے انضمام اور پیداوار میں بہتری کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مشترکہ منصوبے پاکستان کے انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے خاص طور پر قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔



