رابرٹ پیٹنسن جیمز بانڈ کے لیے بہترین انتخاب کیوں ہیں؟
برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کو جیمز بانڈ کے نئے روپ میں دیکھنے کے حوالے سے شائقین میں بحث جاری ہے، تاہم ان کے انتخاب کو فلمی دنیا کے لیے ایک دانش مندانہ فیصلہ قرار دیا جارہا ہے۔ 40 سالہ اداکار اپنے منفرد کرداروں اور تجربات کے باعث جاسوس کے اس مشہور کردار میں نئی جہتیں شامل کرسکتے ہیں۔
جیمز بانڈ کے نئے اداکار سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر رابرٹ پیٹنسن کا نام چھایا ہوا ہے۔ ان کا انتخاب کسی حد تک متوقع بھی تھا، کیونکہ فلمی دنیا میں وہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اپنی اداکاری کے مختلف رنگ دکھا چکے ہیں۔
2006 میں جب ڈینیئل کریگ نے پیئرس بروسنن کی جگہ جیمز بانڈ کا کردار سنبھالا اور فلم ’کیسینو رائل‘ کے ذریعے اس سیریز میں قدم رکھا تو یہ فرنچائز ایک بڑے تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی تھی۔ اس سے قبل فلم ’ڈائی این ادر ڈے‘ میں ضرورت سے زیادہ جدید گیجٹس، غیر ضروری جملوں اور کمزور کہانی کے باعث بانڈ سیریز اپنی ساکھ کھوتی دکھائی دے رہی تھی۔ ایسے میں کردار اور فلمی سلسلے کو نئے سرے سے متعارف کرانے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔
ڈینیئل کریگ کے انتخاب پر بھی ابتدا میں شائقین اور ناقدین نے تحفظات ظاہر کیے تھے۔ ان کے سنہرے بال نہیں تھے اور قد بھی چھ فٹ سے کم تھا، جبکہ اس سے پہلے بانڈ کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں کا روایتی حلیہ مختلف رہا تھا۔ لیکن کریگ نے اپنے سخت گیر اور حقیقت سے قریب تر اندازِ اداکاری سے اس کردار کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
انہوں نے بانڈ کی روایتی شخصیت میں بھی تبدیلیاں متعارف کرائیں۔ ان کی فلموں میں طویل مدتی محبت کے تعلقات، صنفی مساوات کے اشارے اور یہاں تک کہ مرکزی کردار کی موت جیسے غیر روایتی پہلو بھی شامل ہوئے۔ فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ میں ڈینیئل کریگ کے بانڈ کا اختتام ہوا، لیکن ان کی اداکاری نے فرنچائز کو نئی زندگی دی۔
اسی پس منظر میں رابرٹ پیٹنسن کا انتخاب ایک محفوظ اور سوچا سمجھا فیصلہ دکھائی دیتا ہے۔ وہ پہلے ہی کئی کامیاب اور تنقیدی طور پر سراہا جانے والے منصوبوں میں کام کرچکے ہیں۔ ان کا تجربہ اور مختلف نوعیت کے کردار ادا کرنے کی صلاحیت بانڈ کی شخصیت میں مزید گہرائی پیدا کرسکتی ہے۔
پیٹنسن کے کیریئر کا بڑا حصہ تجرباتی اور غیر روایتی کرداروں پر مشتمل رہا ہے۔ انہوں نے اکثر ایسے نوجوانوں کے کردار ادا کیے جو پراسرار، الجھے ہوئے یا غیر متوقع رویے کے حامل ہوتے ہیں۔ ان کی اداکاری میں روایتی ہیرو جیسا اعتماد اور مردانہ رعب ہمیشہ نمایاں نہیں رہا، بلکہ انہوں نے کئی مرتبہ ایسے کرداروں کا انتخاب کیا جو جیمز بانڈ کی روایتی شخصیت سے بالکل مختلف تھے۔
