امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد مسترد
واشنگٹن: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد ایوان نمائندگان میں مطلوبہ حمایت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی تاہم اسے مزید کارروائی کے لیے عدالتی کمیٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کو عدالتی کمیٹی بھیجنے کے حق میں 211 جبکہ مخالفت میں 204 ووٹ پڑے۔ ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی اور ڈیموکریٹس نے قرارداد کمیٹی کو بھیجنے کی مخالفت کی، تاہم ایوان کی منظوری کے بعد اسے کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
ری پبلکن اکثریت ہونے کے باعث کمیٹی میں قرارداد پر مزید پیشرفت کے امکانات کم قرار دیے جارہے ہیں۔
پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی جماعت ری پبلکن پارٹی کے رکن تھامس میسی نے پیش کی تھی، جس میں وزیر جنگ پر 8 الزامات عائد کیے گئے تھے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے کی کوشش کو ڈیموکریٹس کی بری طرح ناکام مہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھامس میسی کے سوا تمام ری پبلکن ارکان نے پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت میں ووٹ دیا۔
ایران پر اقتصادی پابندیوں، ناکہ بندی کے ہوتے ہوئے بڑی کارروائیوں کی ضرورت نہیں، مارکو روبیو
ٹرمپ نے مواخذے کی صورت میں بھی اپنے وزیر جنگ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی قرارداد کو محض تماشا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کوشش سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکی فوج کے تمام اہلکاروں کے خلاف سازش ہے اور فوجی آپریشن قانونی حیثیت رکھتا ہے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے مزید کہا تھا کہ امریکی تاریخ میں فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا۔
