ایران کی دھمکیاں، امریکی وزیر خزانہ نے گھر چھوڑ کر فوجی اڈے پر پناہ لے لی
واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد اپنا گھر چھوڑ کر ایک فوجی اڈے پر رہائش اختیار کرلی ہے۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے معاملے سے واقف تین افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی حکام نے حالیہ ہفتوں میں یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے موجودہ اور سابق امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی پہلے سے زیادہ منظم اور خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکام کو اسکاٹ بیسنٹ کے خلاف دھمکیوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات بھی موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد ان کی رہائش تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع نے حساس معاملے کی نوعیت کے باعث نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی۔
امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے اسکاٹ بیسنٹ کی فوجی اڈے پر منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دھمکیوں سے خوف زدہ ہوکر اپنے فرائض سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ترجمان کے مطابق بیسنٹ ان دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
رپورٹ میں ایران کی جانب سے بیسنٹ کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی کی مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔ امریکی حکام کے خدشات اور انٹیلی جنس معلومات کی آزادانہ تصدیق بھی سامنے نہیں آئی۔
