ڈاکٹر سلیمان لالانی کی تیسری مدت کیلئے انتخابی مہم شروع، فورٹ بینڈ میں بھرپور تقریب
رچمنڈ، ٹیکساس(عبدالرحمٰن پٹیل)ٹیکساس ہاؤس ڈسٹرکٹ 76 سے اسٹیٹ ریپریزنٹیٹو ڈاکٹر سلیمان لالانی نے اپنی تیسری مدت کیلئے دوبارہ انتخاب کی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں فنڈ ریزنگ اور ’’ری الیکشن کمپین کک آف‘‘ تقریب ہفتہ 12 ستمبر کو سفاری ٹیکساس رینچ کے فورم بال روم میں منعقد ہوئی۔تقریب میں کمیونٹی کے ارکان، منتخب نمائندوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف عہدوں کے امیدواروں سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ڈاکٹر سلیمان لالانی کی عوامی خدمات اور سیاسی کردار کو سراہتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کی نظامت لینا شاہ نے کی۔ انہوں نے پُراعتماد، شائستہ اور باوقار انداز میں تقریب کے مختلف مراحل کو آگے بڑھایا۔ مقررین کے تعارف، موقع کی مناسبت سے برجستہ گفتگو اور الفاظ کے عمدہ انتخاب کے باعث پروگرام میں تسلسل اور ربط برقرار رہا۔اس موقع پر اسٹیٹ ریپریزنٹیٹو جین وو نے خطاب کرتے ہوئے ٹیکساس میں بڑھتی ہوئی نسلی اور ثقافتی گوناگونی کا ذکر کیا۔ انہوں نے اقلیتی برادریوں کی سیاسی اور انتخابی عمل میں شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل میں مؤثر نمائندگی کے لیے ووٹ کا استعمال انتہائی اہم ہے۔ٹیکساس ڈیموکریٹک ویمن کی صدر صوفیہ شیخ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور ڈاکٹر سلیمان لالانی کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے ووٹ کے ذریعے جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریب کے دوران مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور کمیونٹی رہنماؤں کی جانب سے ڈاکٹر سلیمان لالانی کیلئے حمایت کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر آئندہ انتخابی مہم کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ڈاکٹر سلیمان لالانی کی ری الیکشن مہم کے باضابطہ آغاز کے ساتھ ہی ڈسٹرکٹ 76 میں انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے۔ تقریب میں کمیونٹی کی نمایاں شرکت کو ان کی انتخابی مہم کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
