تشدد، توہین و غیر انسانی سلوک کسی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے، وزیراعظم

تشدد، توہین و غیر انسانی سلوک کسی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے، وزیراعظم

زیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تشدد، غیر انسانی و توہین آمیز سلوک کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے۔تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین سے پرخلوص انداز میں اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ آج پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر تشدد کی ہر شکل کے خاتمے، انسانی وقار، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن انسان کی عزت و تکریم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور یاد دہانی کراتا ہے کہ تشدد، غیر انسانی یا توہین آمیز سلوک کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے مکروہ اقدامات انسانی حقوق اور انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی ہیں اور بین الاقوامی قوانین اور اسلامی تعلیمات کے بھی منافی ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان انسان کے تقدس و وقار سے متعلق اسلامی اقدار کی رہنمائی اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی روشنی میں تشدد کے خاتمے اور تمام افراد کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے قومی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی نوعیت کے معاشرتی تشدد کے متاثرین بہترین طبی، نفسیاتی، قانونی اور سماجی معاونت کے حقدار ہیں اور تشدد کے مرتکب افراد کا احتساب یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ قوانین کے موثر نفاذ، قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات اور ریاستی تحفظ و نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔عالمی دن کی مناسبت سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی قابضین کی طرف سے وسیع پیمانے اور منظم انداز میں تشدد کے بطور ہتھیار استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ریاستی جبر و استبداد، قابضین کے بدترین تشدد اور توہین آمیز و غیر انسانی سلوک کا سامنا کر رہے ہیں۔قابضین کے جرائم کی مذمت اور انکی جوابدہی مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں