امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے ہوگیا، وزیراعظم کا اعلان

امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے ہوگیا، وزیراعظم کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ پر وزیراعظم نے لکھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طویل اور اہم مذاکرات کے بعد امن معاہدہ طے پا گیا۔ امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر کارروائیاں روکنا شامل ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں امریکا اور ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے تنازع کا حل سفارت کاری سے نکالنے کی راہ ہموار کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم ثالثی کی کوششوں میں اپنے برادر ملک قطر کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، جس نے اس معاہدے تک پہنچنے میں اہم معاونت فراہم کی۔ معاہدہ طے ہونے کے بعد ثالث کو اس ہفتے متعدد ملاقاتوں کی سہولت فراہم کریں گے، یہ ابتدائی مشاورتی ملاقاتیں تکنیکی مذاکرات اور دستخط کی سرکاری تقریب کی بنیاد فراہم کریں گی۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے اس سے ایک حتمی معاہدے اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے اس مشکل دور میں مسلسل مذاکرات اور سفارتکاری کی حمایت کی ہے۔ یہ پیش رفت کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے اور باہمی احترام اور روابط کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ دعا ہے کہ یہ کوششیں خطے اور دنیا میں مزید امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بنیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ مکمل ہو گیا ہے جسے انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسلامک ری پبلک آف ایران کے ساتھ ڈیل مکمل ہو گئی ہے سب کو مبارک ہو۔
انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی اور بین الاقوامی جہازوں کے لیے جمعے کو معاہدے پر دستخط کے بعد کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی بھی فوری طور پر ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے امن کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والا معاہدہ اس عمل میں شامل تمام فریقین کی دانشمندانہ قیادت اور امن کے لیے سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت خطے میں استحکام اور تنازعات کے حل کے لیے مثبت نتائج مرتب کر سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس عمل میں ان کی قیادت اور وژن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی علاقائی استحکام کے لیے حمایت کو بھی سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں