کوئی بھی عمران خان کو بچانے کیلئے مخلص نہیں، 24 نومبر کو رہا نہیں ہونگے، فیصل واوڈا
کوئی بھی عمران خان کو بچانے کیلئے مخلص نہیں، 24 نومبر کو رہا نہیں ہونگے، فیصل واوڈا
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 24نومبر کو کوئی رہائی نہیں ہورہی کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو بچانے کیلئے کوئی مخلص لوگ نہیں، سب کمپرومائز لوگ پارٹی میں موجود ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ 24 نومبر کو کچھ نہیں ہونا، پی ٹی آئی قیادت اندرون خانہ لیٹی ہوئی ہے، یہ ڈرامے بازی عمران خان کی رہائی کے لیے ہورہی ہے مگر عمران کا سودا کرکے پی ٹی آئی کے لوگ ریلیف لے رہے ہیں، احتجاج میں 50 ہزار آئیں یا 50 لاکھ لوگ کوئی فرق نہیں پڑے گا، 25 نومبرکو بانی پی ٹی آئی پرفرد جرم عائد ہونی ہے اس لیے 24 کے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے مداخلت دیکھنے کو مل رہی ہے، اب عمران خان کی بات کو مانتا ہوں کہ رجیم چینج کے وقت باہر سے مداخلت تھی، اچانک کانگریس اور دیگر طرف سے خط آگئے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، میری نزدیک یہ (امریکا) سپر پاورز نہیں بلکہ زیرہ پاورز ہیں کیونکہ ان کو فلسطین پر ظلم نظر نہیں آرہا، سب کو کہتے ہیں کہ اپنا کام کریں ہم مداخلت نہیں کرتے تو آپ بھی نا کریں ۔