پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان فارما کے شعبے میں 44 کروڑ ڈالرز مالیت کے 9 معاہدے
پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان فارماسیوٹیکل سے متعلقہ شعبوں میں 44 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے 9 معاہدے ہوئے ہیں، ان میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری، بائیو ٹیکنالوجی، ادویات کی تیاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ہیپاٹائٹس سے بچاؤ سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔ یہ معاہدے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاکستان اور چین کی فارما سیوٹیکلز کمپنیوں کی بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں ہوئے جس میں وزیراعظم سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ پاکستان میں چین کے سفیر اور ملکی و چینی فارما سیوٹیکلز کمپنیوں کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔کانفرنس میں پاکستان اور چین کی 450 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی، جن میں 300 سے زائد پاکستانی اور 150 چینی کمپنیاں شامل تھیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی نجی کمپنیوں کے مابین اشتراک سے پاکستان میں فارما سیوٹیکلز کے شعبوں کو ترقی ملے گی، چین پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور آزمودہ دوست اور اس کی معاشی و تزویراتی ترقی دنیا کےلئے ایک مثال ہے، چینی شہریوں کی سلامتی کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کانفرنس کے انعقاد اور اس میں چینی و پاکستانی سرمایہ کاروں کی شرکت کا خیرمقدم کیا، انہوں نے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے علاوہ وفاقی وزیر صحت، معاون خصوصی برائے صنعت وپیداوار، پاکستان میں چین کے سفیر اور چین میں پاکستان کے سفیر کی کاوشوں کو بھی سراہا
