ایرانی صدر 22 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے
تہران: اسرائیل پر حملے سے پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے دورے کا اعلان کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 63 سالہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے اور وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری اور عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے۔ایرانی صدر کے دورے کے ایجنڈے سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم وزیراعظم شہباز شریف کے عہدہ سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا۔خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز میں ایران نے پاکستانی علاقے میں میزائل حملہ کیا تھا جس پر پاکستان نے سفارتی سرگرمیاں معطل کردی تھیں اور جوباً ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا۔بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سرگرمیاں بحال ہوگئی تھیں اور ممکنہ طور پر دونوں ممالک کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی بات چیت جاری ہے۔حال ہی میں ایران نے پاسداران انقلاب کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے غیر ملکی بحری جہاز پر پھنسے پاکستانیوں کو ان کی قومیتوں کی تصدیق اور قانونی رسمی کارروائیوں کے بعد رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔