حماس کا اسرائیلی فوج کے ٹینک پر حملہ؛ 4 کمانڈوز ہلاک اور متعدد زخمی
غزہ: حماس نے گھات لگا کر اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 کمانڈوز ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ خان یونس میں اسرائیلی فوجی ایک سرنگ میں آپریشن کے لیے پہنچے تھے جہاں حماس کے گھات لگائے جانبازوں نے اسرائیلی ٹینک کو نشانہ بنایا۔حماس کے بقول اس کارروائی میں 14 اسرائیلی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہیں۔ اسرائیلی فوجیوں کو علاقے سے بھاگنے پر مجبور کردیا گیا جو کہ بہت بڑی فتح ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے پہلے تو اپنے 14 فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تاہم بعد میں 4 کمانڈوز کی ہلاکت کو تسلیم کرلیا جب کہ دیگر فوجی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں فوجی کمانڈو بریگیڈ کا حصہ تھے۔ جن کی شناخت کیپٹن آئیڈو، سارجنٹ امیتی ایون شوشن، سارجنٹ ریف ہاروش اور سارجنٹ الائی زائر کے نام سے ہوئی ہے۔ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے چاروں کمانڈوز کی عمریں 20 سال تھیں اور وہ حماس کے ٹھکانے پر آپریشن کے لیے گئے تھے۔