شارجہ میں شادی کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، سرکاری گرانٹ بڑھا کر 30 ہزار درہم کردی گئی
شارجہ: متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے شہریوں کے لیے شادی اور گھر کے فرنیچر کی سرکاری امداد میں اضافہ کردیا ہے۔ نئے حکم کے تحت دونوں گرانٹس کی رقم بڑھا کر الگ الگ 30 ہزار درہم کردی گئی ہے۔
اماراتی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوگئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شادی اور گھر بسانے کے ابتدائی اخراجات میں شہری خاندانوں کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
شارجہ کے حکمران نے شادی اور فرنیچر گرانٹ کے حصول کے لیے تنخواہ سے متعلق اہلیت کے معیار میں بھی تبدیلی کی ہدایت کی ہے۔
نئے ضابطے کے مطابق اب وہ درخواست گزار بھی ان گرانٹس کے اہل ہوں گے جن کی ماہانہ تنخواہ 50 ہزار درہم سے کم ہے۔
وام کے مطابق تنخواہ کی حد میں تبدیلی کا فیصلہ شارجہ حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ نئی تنخواہوں کے مطابق شہریوں کی گرانٹس کے لیے اہلیت کا معیار بھی برقرار رہے۔
شارجہ حکومت کے مطابق شادی اور فرنیچر کی گرانٹس میں اضافے کا مقصد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کے باعث شہری خاندانوں پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
یہ امداد شارجہ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے رہائشی معاونت کے مستحقین کو شادی اور گھر کے فرنیچر کے اخراجات پورے کرنے میں مدد دے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے خاندانوں کی ضروریات پوری کرنے اور ان کے معاشی استحکام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
