ہیوسٹن میں تیسرا پاکستان لٹریچر فیسٹیول ،ادب و ثقافت کا عالمی رنگ جم گیا، 50 سے زائد مندوبین کی شرکت

ہیوسٹن(رپورٹ :عبدالرحمان پٹیل)ہیوسٹن میں منعقدہ تیسرے پاکستان لٹریچر فیسٹیول نے دو روز تک شہر کی علمی، ادبی اور ثقافتی زندگی میں بھرپور رنگ بکھیرے انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز یو ایس اے کے زیر اہتمام 31 اکتوبر اور یکم نومبر 2026 کو ہونے والے اس فیسٹیول میں پاکستان، جرمنی، آسٹریلیا، کینیڈا اور امریکہ کے مختلف شہروں سے 50 سے زائد مندوبین نے شرکت کی ادیبوں، شاعروں، صحافیوں، دانشوروں، فنکاروں اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی موجودگی نے اس اجتماع کو بین الاقوامی علمی و ادبی مکالمے کا ایک نمایاں پلیٹ فارم بنا دیا۔ہیوسٹن کے ادبی منظرنامے میں اپنی نوعیت کا منفرد مقام رکھنے والا یہ دو روزہ فیسٹیول ایک بھرپور علمی و ثقافتی میراتھن ثابت ہوا۔ مسلسل نشستوں، موضوعاتی مباحث، سوال و جواب، صوفی موسیقی اور اختتامی مشاعرے پر مشتمل پروگرام میں حاضرین کی بڑی تعداد شریک رہی مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے سامعین کی موجودگی اور گفتگو میں ان کی فعال شرکت نے محفلوں کو مزید بامعنی بنا دیا،فیسٹیول کے پہلے روز سرگرمیاں شوگر لینڈ کے اسماعیلی جماعت خانہ اینڈ سینٹر میں منعقد ہوئیں جبکہ دوسرے روز سٹافورڈ میں اسپارک بائی ہلٹن کے ٹسکنی بال روم میں علمی و ادبی نشستوں کا سلسلہ جاری رہا،واشنگٹن، نیویارک، ورجینیا، شکاگو اور امریکہ کے دیگر علاقوں سے آنے والے مہمانوں نے بیرون ملک سے شریک مندوبین کے ساتھ اپنے خیالات، تجربات اور مشاہدات پیش کئے،پروگرام کی خاص بات موضوعات کا تنوع تھا پاکستان سے محبت اور شناخت، اردو ادب میں خواتین کی آواز، دو ثقافتوں اور دو نسلوں کے درمیان قیادت کے نئے زاویے، ذہنی صحت کے مسائل، معاشرے میں ادب کا کردار، پاکستانی میڈیا میں سچائی اور ذمہ داری، نیز پاکستان کو درپیش چیلنجز اور امکانات جیسے موضوعات زیر بحث آئے ہر موضوع پر متعلقہ شعبوں سے وابستہ اہل علم اور ماہرین نے گفتگو کی، جس سے سامعین کو مختلف نقطہ ہائے نظر سننے اور براہ راست سوالات کرنے کا موقع ملا،مختلف نشستوں میں شبّر زیدی، فواد حسن فواد، سمیر زبیری، رضا رومی، ظفر محبوب،بینا گؤندی ،شہاب زبیری، فوزیہ قصوری، پروفیسر طاہرہ نقوی، عشرت آفرین، ناصرہ زبیری، سامعہ نور نغمی ،عاطف توقیر،ارم اشرف شاد، کامران علی اصغر، عارف امام، فاضل جمیلی، ڈاکٹر عاصم شاہ اور ڈاکٹر محسن انصاری سمیت متعدد شخصیات شریک ہوئیں مقررین اور نظامت کرنے والوں نے گفتگو کو موضوعات سے مربوط رکھتے ہوئے فکری تبادلے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا،سامعین کی غیرمعمولی دلچسپی فیسٹیول کا ایک نمایاں پہلو رہی۔ سوال و جواب کے مراحل میں اتنی بڑی تعداد میں ہاتھ بلند ہوتے کہ منتظمین کے لیے یہ طے کرنا مشکل ہو جاتا کہ پہلے مائیک کس تک پہنچایا جائے یہ منظر حاضرین کی علمی جستجو اور زیر بحث مسائل سے ان کی گہری وابستگی کا اظہار تھا دو روز تک جاری رہنے والی ان نشستوں میں اسٹیج اور سامعین کے درمیان مسلسل رابطہ قائم رہا،پہلے روز کی صوفی نائٹ، ’’شامِ عشق‘‘، نے علمی گفتگو کے بعد محفل کو موسیقی اور صوفیانہ روایت کے رنگوں سے آراستہ کیا حسنین جاوید اور آصف سنان کی پیشکشوں کو حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا دوسرے روز اختتامی مشاعرے میں شعرا کے کلام اور سامعین کی داد نے دو روزہ فیسٹیول کو ایک یادگار ادبی اختتام دیا،اس اجتماع نے اردو زبان، پاکستانی ثقافتی ورثے اور بیرون ملک آباد پاکستانیوں کے فکری رشتوں کو مضبوط کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ مختلف نسلوں، پیشوں اور تجربات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک جگہ جمع کرکے فیسٹیول نے زبان و ادب کے تسلسل، تنقیدی سوچ اور باہمی احترام پر مبنی مکالمے کے لیے عملی گنجائش پیدا کی،دو روزہ پروگرام کے انتظامات خوش اسلوبی سے انجام پائے مہمانوں کے استقبال، نشستوں کی ترتیب اور میزبانی میں منتظمین اور رضاکاروں کی محنت نمایاں رہی بیرون شہر اور بیرون ملک سے آنے والے مہمان ہیوسٹن کی مہمان نوازی، حاضرین کی گرم جوشی اور یہاں ادب و فکر سے محبت کے خوشگوار تاثرات لے کر رخصت ہوئے،اس کامیاب انعقاد پر انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز یو ایس اے کے صدر غضنفر ہاشمی اور اکیڈمی کے ڈائریکٹرز چودھری مظہر، اے رحمان پٹیل، شمیم پٹیل، محمود احمد، محمد صادق، نور محمد، عمران اشرف، عماد الدین ظفر احمداور فیاض مرچنٹ سمیت پوری منتظم ٹیم کی کاوشیں بھرپور خراجِ تحسین کی مستحق ہیںان سب کی مسلسل محنت، لگن اور باہمی تعاون سے دو روزہ پروگرام خوش اسلوبی سے پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ مہمانوں کے پرتپاک استقبال، میزبانی اور نشستوں کے منظم انعقاد میں ان کی مشترکہ کاوشیں نمایاں رہیںتیسرے پاکستان لٹریچر فیسٹیول نے ہیوسٹن کی شناخت ایک ایسے شہر کے طور پر مزید مستحکم کی جہاں ادب سے محبت، اہلِ فکر کی پذیرائی اور بامعنی مکالمے کی روایت زندہ ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں