پی اے جی ایچ انتخابات، ٹیم دل دل پاکستان کی بلامقابلہ کامیابی یقینی، مظفر صدیقی بھی حمایت میں سامنے آگئے

ہیوسٹن (نمائندہ خصوصی): پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن (PAGH) کے آئندہ انتخابات میں ’ٹیم دل دل پاکستان‘ کی بلا مقابلہ کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والے کاغذاتِ نامزدگی کے مطابق انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے صرف ’ٹیم دل دل پاکستان‘ نے اپنا پینل جمع کرایا ہے، جبکہ کسی دوسرے پینل یا امیدوار کی جانب سے نامزدگی جمع نہیں کرائی گئی۔انتخابات میں آزاد حیثیت سے یا علیحدہ پینل کے تحت حصہ لینے کا ارادہ رکھنے والے امیدوار مظفر صدیقی نے بھی اپنے تحفظات ختم کرتے ہوئے ’ٹیم دل دل پاکستان‘ کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ ان کی حمایت کے اعلان کے بعد ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے قانونی اور ضابطے کی کارروائیاں مکمل کیے جانے کے بعد 11 نومبر 2026 تک انتخابی نتائج کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ حتمی توثیق کے بعد نومنتخب عہدیداروں کی تقریبِ حلف برداری اتوار 15 نومبر 2026 کو پاکستان سینٹر، پی اے جی ایچ میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔اس موقع پر ’ٹیم دل دل پاکستان‘ کے رہنماؤں نے کمیونٹی کی جانب سے اعتماد اور حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری ٹیم کے لیے انتہائی مسرت اور اعزاز کا لمحہ ہے۔ کمیونٹی نے جس اعتماد اور بھروسے کا اظہار کیا ہے، اس پر وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اتحاد، یکجہتی، خلوص اور بھرپور لگن کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کرنا ہے۔ ٹیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور اجتماعی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔پیغام کے اختتام پر ٹیم کے رہنماؤں نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے کمیونٹی کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں