یادگار شہدائے قائم خانی، وقربانی غیرت اور حب الوطنی کی لازوال داستان

ہیوسٹن (نمائندہ خصوصی)حیدرآباد میں قائم خانی ہاسٹل کے صحن میں ایک ایسی تقریب منعقد ہوئی جو نہ صرف ایک یادگار کے افتتاح کی تھی بلکہ قوم کی روح، قربانی اور غیرت کی زندہ داستان تھی۔ قائم خانی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام یادگارِ شہداء کا افتتاح ہوا اور اس موقع پر قائم خانی فوجی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔مختصر مگر پروقار تقریب میں پاکستانی فوجی حکام نے قوم کے اکابرین اور قائم خانی شہداء کا جس انداز میں شکریہ ادا کیا یقینا ریاستِ پاکستان کی جانب سے یہ ایک سند کی حیثیت رکھتی ہے۔یہ تقریب محض ایک رسمی افتتاح نہیں تھی بلکہ ان بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کا اعتراف تھا جنہوں نے وطنِ عزیز کی سرحدوں، امن اور آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قائم خانی قوم نے ہمیشہ قومی دفاع میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس یادگار کا قیام اسی روایت کی تسلسل ہے۔یادگارِ شہداء کا قیام اس بات کی زندہ دلیل ہے کہ قوم اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔ ان کی قربانیاں نہ صرف آج کی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی حب الوطنی، بہادری اور ایثار کی روشن مثال ہیں۔ قائم خانی ہاسٹل جیسے تعلیمی ادارے میں اس یادگار کا قیام اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ علم اور قربانی ایک دوسرے کے لازم و ملزوم ہیں۔ جہاں نوجوان تعلیم حاصل کرتے ہیں وہاں انہیں اپنے پیشروؤں کی قربانیوں سے بھی روشناس کرایا جائے۔تقریب میں شریک ہونے والوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کے غم میں شریک ہونے اور ان کی عظمت کو تسلیم کرنے کا جو عملی اظہار کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ یہ تقریب صرف ایک یادگار کی بنیاد نہیں تھی بلکہ قوم کے اجتماعی جذبے، اتحاد اور اپنے بہادر بیٹوں کے احترام کا مظہر تھی۔قائم خانی قوم نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ صرف نام سے نہیں بلکہ کردار سے بھی بڑی ہے۔ اس یادگار کے ذریعے نہ صرف شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا بلکہ آنے والی نسلوں کو یہ پیغام بھی دیا گیا کہ وطن کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے۔اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس تاریخی تقریب میں شرکاء کی تعداد کتنی تھی لیکن تقریب میں ریاست اور قائم خانی قوم کی جانب سے دیا گیا پیغام اتنا طاقتور پیغام ہے کہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اہم ترین بات ہے کہ یہ یادگار ہمیشہ قائم رہے گی اور قائم خانی قوم کی غیرت، قربانی اور حب الوطنی کی داستان سناتی رہے گی۔یہی وجہ ہے اس تقریب اور قائم خانی یادگار شہداء کی گونج شہر شہر گائوں گائوں، چوک چوراہوں، نجی محفلوں تک محدود نہیں بلکہ آج کی اس گلوبل ولیج دنیا میں جہاں جہاں پاکستانی اور قائم خانی آباد ہیں وہاں تک سنائی دے رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام قائم خانی شہداء کو اعلیٰ درجات عطا فرمائے، ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور قوم کو ان کی قربانیوں کا حق ادا کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں