پاکستان کے معدنی ذخائر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑھتے مواقع، عالمی دلچسپی نمایاں
پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر سے استفادے، غیر ملکی سرمایہ کاری اور عالمی مائننگ کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 اہم ذریعہ ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 عالمی سرمایہ کاری، جدید مائننگ ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ملکی معدنی وسائل کی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔
فورم کے حوالے سے کالی اُم ویلٹ ٹیکنِک (کے یو ٹیک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیباسشن لوننگ نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور جدید تکنیکی مہارت ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر سیباسشن لوننگ کے مطابق کے یو ٹیک معدنی ذخائر کی تلاش، نشاندہی اور جانچ پڑتال میں جدید تکنیکی مہارت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم محفوظ اور مؤثر زیرِ زمین کان کنی کے لیے جدید زلزلہ پیما نگرانی اور بیک فل ڈیزائن کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم مقامی شراکت داروں اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان مؤثر روابط کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے یو ٹیک کے مطابق ہم پاکستان میں کان کنی کے شعبے کی ترقی کے لیے جدید تکنیکی مہارت فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔
حکومت پاکستان معدنی وسائل کے فروغ، عالمی سرمایہ کاروں کے مابین روابط اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے فیصلہ سازی میں مصروف ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے حوالے سے لکی سیمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد علی طبہ نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل کی ترقی کے حوالے سے ایک اہم اور امید افزا مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
سی ای او لکی سیمنٹ محمد علی طبہ کے مطابق پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معدنی وسائل میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ان سے مقامی آبادی کو بھی بھرپور فوائد ملنے چاہییں۔
محمد علی طبہ نے کہا کہ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ معدنی وسائل کی تلاش اور ایکسپلوریشن کے منصوبوں کو مزید آگے بڑھا رہی ہے۔ پی ایم آئی ایف 2026 عالمی سرمایہ کاروں اور پاکستانی شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔
