7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی، قالیباف
ایران نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ طے پانے والے جون کے عبوری معاہدے کی سات شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے یہ بات ایرانی میڈیا ادارے نورنیوز سے گفتگو میں کہی، جسے خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے۔قالیباف کے مطابق امریکا نے ثالث کے ذریعے حال ہی میں کچھ تجاویز ایران تک پہنچائی ہیں، تاہم تہران کا مؤقف واضح اور مضبوط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے وقت ضائع کرنے اور یکطرفہ مطالبات مسلط کرنے کا دور ختم ہوچکا ہے۔ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی کو جون میں پاکستان کی میزبانی میں طے پانے والے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سے منسلک کیا گیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت طے شدہ شرائط پر عمل درآمد کے بعد ہی آبنائے میں معمول کی بحری آمدورفت بحال کی جائے گی۔
