یورپی یونین نے امریکا کی جانب سےڈیزل برآمدات بند کرنے کی دھمکی مسترد کردی
یورپی یونین نے امریکا کی جانب سے ڈیزل کی برآمدات پر ممکنہ پابندی کی دھمکی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی پابندی کسی کے مفاد میں نہیں اور اس سے امریکا اور یورپ کے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی انتظامیہ نے فرانس اور جرمنی سمیت یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ہنگامی ڈیزل ذخائر میں سے مزید ایندھن مارکیٹ میں لائیں تاکہ عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کو قابو کیا جاسکے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو دھمکی دی تھی ایسا نہ کرنے پر امریکا ڈیزل کی برآمدات پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسے مکمل بند یا نہایت محدود کرنے پر غور کرسکتا ہے۔ جس پر ردعمل دیتے ہوئے یورپی کمیشن کی ترجمان انا کائسا اٹکونن نے کہا کہ یورپی یونین ڈیزل برآمدات پر کسی بھی پابندی کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ ایسی کوئی پابندی کسی کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگی۔
