پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل کے تحفظ کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، وزیراعظم

پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل کے تحفظ کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، پاکستان اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پہچانا جاتا ہے۔جشن آزادی پر ایکس پر پوسٹ کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیرون ملک مقیم تمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یومِ آزادی کی خوشیاں مبارک! آج پاکستان کی آزادی کے79 سال مکمل ہونےکے پُرمسرت موقع پر تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ امر ہمارے لیۓ باعثِ عزت و افتخار ہے کہ جدوجہد آزادی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال اور متعدد عظیم و بےمثل رہنماء شامل تھے آج ہم من حیث القوم تحریک آزادی کے قائدین، کارکنان اور اسلافِ ملت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت ہمارےآباؤ اجداد کی عظیم قربانیاں، تحریک آزادی کے رہنماؤں کا غیرمتزلزل عزم اور اللہ تعالیٰ کی بے پایہ فضل و کرم کی بدولت آزاد مملکت کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوا، تحریک آزادی کےتمام رہنماؤں کی ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد نے مسلمانان ہند کو آزاد وطن کےنصب العین پر متحد کیا، ہمارےآباؤ اجداد نےلازوال قربانیوں، صعوبتوں اور تکالیف کی داستان رقم کی اور جدوجہد آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی، 14 اگست 1947ء کو ہمیں ایسی سر زمین میسر ہوئی جہاں ہم آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار اور دین و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی استوار کر سکیں سرزمینِ پاکستان اسلامی تعلیمات اور باباۓ قوم کے نظریات کے تابع تمام شہریوں کے لئے بلا تفریقِ رنگ و نسل مکمل آزادی کی ضمانت ہے۔ آئین و قوانینِ پاکستان تمام شہریوںکے حقوق کے ضامن ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا یہ سفر تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے دفاع وطن، معیشت، صنعت و حرفت، عدلیہ، میڈیا، کھیل، تعلیم و ہنر، علماء، دانشور، اساتذہ، سائنسدان، زراعت و کاشتکاری اور بشمول عصر حاضر کے جدید شعبہ جات میں پاکستانی مرد و خواتین نے اپنی کاوشوں سے عزم وہمت کے باب رقم کئے، ہمارے باصلاحیت نوجوان، ہنر مند افرادی قوت، بہترین پیشہ ور ماہرین، جفا کش کسان اور محنت کش مزدور ملک و قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں، حکومت پاکستان نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسلسل اعتماد کا مظہر ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں