بنکاک کے بار میں خوفناک آتشزدگی: 27 افراد ہلاک، 60 سے زائد زخمی

بنکاک کے بار میں خوفناک آتشزدگی، 27 افراد ہلاک، 60 سے زائد زخمی

بینکاک: تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں واقع ایک بار میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تھائی حکام کے مطابق متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، فائر بریگیڈ کو پیر کی شب تقریباً 12 بجے کے بعد آگ لگنے کی اطلاع ملی، امدادی اہلکار جب موقع پر پہنچے تو بار کے مرکزی دروازے سے شعلے بھڑک رہے تھے اور لوگ اپنی جان بچانے کیلئے چیختے ہوئے باہر نکل رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی، جبکہ بعض افراد کے کپڑوں کو بھی آگ لگ گئی تھی۔
تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 27 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے تقریباً 30 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، تاہم اس وقت تک بار کے اندر موجود متعدد افراد دھویں اور شدید آگ کی لپیٹ میں آ چکے تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں، جبکہ 60 سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، امدادی ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کا عمل بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں