فیفا ورلڈکپ: ’گولڈن بوٹ‘ کیلیے جنگ، 70 سال بعد نیا ریکارڈ قائم
فٹبال ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی گولڈن بوٹ کی دوڑ غیرمعمولی حد تک دلچسپ ہوتی جا رہی ہے جہاں لیونل میسی، کائیلیان ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ شاندار فارم میں نظر آ رہے ہیں۔
دو میچوں کے بعد ارجنٹائن کے کپتان میسی پانچ گولز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ فرانس کے ایمباپے اور ناروے کے ہالینڈ چار، چار گولز کے ساتھ ان کے تعاقب میں ہیں۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ صرف دوسرا موقع ہے جب تین کھلاڑی ابتدائی دو میچوں کے بعد چار یا اس سے زیادہ گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ایسا 1954 کے عالمی کپ میں ہوا تھا۔
میسی نے آسٹریا کے خلاف دو گول کرکے ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ایمباپے نے عراق کے خلاف دو گول داغ کر جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے 16 ورلڈ کپ گولز کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔
دوسری جانب ایرلنگ ہالینڈ نے سینیگال کے خلاف دو گول کرکے اپنے پہلے ہی ورلڈ کپ میں زبردست آغاز کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق تینوں اسٹارز نہ صرف گولڈن بوٹ بلکہ ورلڈکپ کے ہمہ وقت گول اسکورنگ ریکارڈز پر بھی نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
انگلینڈ کے ہیری کین بھی اس دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں جنہوں نے افتتاحی میچ میں دو گول کیے تھے۔
48 ٹیموں پر مشتمل نئے ورلڈ کپ فارمیٹ نے بھی گولز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جس سے دنیا کے بہترین فارورڈز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مزید مواقع مل رہے ہیں۔



