فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر نیا بوئنگ طیارہ پرواز سے قبل اچانک زمین پر آ گرا

فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر نیا بوئنگ طیارہ پرواز سے قبل اچانک زمین پر آ گرا

جرمنی کے مصروف ترین ہوائی اڈے فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر ایک نیا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارہ بورڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لفتھانسا ایئرلائن کی پرواز LH-450 لاس اینجلس روانگی کے لیے تیار تھی اور طیارہ گیٹ A15 پر کھڑا تھا۔ اچانک طیارے کا نوز گیئر (اگلا لینڈنگ گیئر) جواب دے گیا، جس کے باعث طیارے کا اگلا حصہ زمین پر آ گرا۔اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں مسافروں کی بورڈنگ کا عمل جاری تھا، تاہم طیارے میں زیادہ تر عملے کے ارکان اور زمینی خدمات انجام دینے والا اسٹاف موجود تھا۔لفتھانسا ایئرلائن کے ترجمان نے تصدیق کی کہ حادثے میں کئی افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ زخمیوں میں کیبن کریو کے دو ارکان اور گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی کے متعدد ملازمین شامل ہیں، جنہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔متاثرہ طیارہ بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر ماڈل کا تھا، جو صرف پانچ ماہ قبل لفتھانسا کے بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔ اس جدید طیارے نے جنوری 2026 میں اپنی پہلی تجارتی پرواز مکمل کی تھی اور اسے ایئرلائن کے جدید ترین طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔حادثے کے بعد ایئرپورٹ حکام اور تکنیکی ماہرین نے طیارے کا تفصیلی معائنہ شروع کر دیا ہے تاکہ نوز گیئر کی خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ابتدائی طور پر پرواز کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ مسافروں کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں