رفح پر اسرائیل کے حملوں کیخلاف جنوبی افریقا عالمی عدالت پہنچ گیا
جنوبی افریقا نے اسرائیل کے رفح پر متوقع زمینی حملے کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں ہنگامی درخواست دائر کردی۔پیر کے روز دی گئی درخواست میں جنوبی افریقی حکومت نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسے اس بات پر سخت تشویش ہے کہ رفح میں اسرائیلی عسکری آپریشن کی وجہ سے ہلاکتیں ہورہی ہیں اور زمینی حملے کی صورت میں بہت وسیع پیمانے پر ہلاکتیں ہوں گی اور تباہی پھیلے گی۔جنوبی افریقی حکومت کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ رفح پر اسرائیلی حملہ نسل کشی کے کنویشن اور 26 جنوری 2024 کو عالمی عدالت انصاف کے دیے گئے فیصلے کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔افریقی ملک کی جانب سے دی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اس امر کا جائزہ لے کہ کیا اسرائیل کی جانب سے فوجی آپریشن کا دائرہ رفح تک وسیع کرنے کا فیصلہ اس بات کا متقاضی ہے کہ عدالت غزہ میں فلسطینیوں کے حقوق کی مزید خلاف ورزی روکنے کے لیے اپنے اختیارات استعمال کرے۔غزہ کے جنوبی شہر رفح میں اس وقت 23 لاکھ فلسطینی مسلمان جمع ہیں جو غزہ میں اسرائیلی کی وحشیانہ بمباری سے بچنے کے لیے وہاں موجود ہیں، تاہم اب اسرائیل اس شہر کو بھی نشانہ بنارہا ہے اور پچھلے چند روز میں یہاں ہونے والے فضائی حملوں میں کم از کم 74 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ا سرائیلی وزیراعظم بن یامن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ اپنی فوج کو رفح پر زمینی حملے کی تیاری کا حکم دے چکے ہیں۔