مصر کے محمد ذکریا اور امینہ عارفی نئے عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن بن گئے
مصر کے ٹاپ سیڈ محمد ذکریا اور امینہ عارفی نئے عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن بن گئے۔ہیوسٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عالمی جونئیر چیمپئن شپ میں بوائز انڈر 19 ایونٹ کے فائنل میں ٹاپ سیڈ محمد ذکریا نے مسلسل دو اپ سیٹ کرنے والے کوریا کے جو ینگ نا کو 37 منٹ کے مقابلے میں 0-3 سے شکست دے دی۔گزشتہ برس آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں منعقدہ عالی جونیئر چیمپئن شپ کے فائنل میں ذکریا پاکستان کے محمد حمزہ خان سے ہار گئے تھے۔دوسری جانب ویمنز انڈر19 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ امینہ عارفی دلچسپ مقابلے کے بعد اپنی ہم وطن سیڈ 2 فیروز ابوالخیر کو 0-3 سے قابو کرکے مسلسل تیسری مرتبہ ویمن جونیئر چیمپئن بن گئیں۔اس طرح مصری کھلاڑیوں نے دونوں ایونٹس جیت کر گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، جو ینگ نا نے سلور اور بھارت کے شوریا باوا نے تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔ ویمنز ایونٹ میں مصر کی فیروز سلور اور نادین الحمامے برانز میڈلز کی حقدار رہیں۔دریں اثنا عالمی جونئیر ٹیم چیمپئن شپ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ مینز اور ویمنز ایونٹس کا آغاز ہورہا ہے، مردوں کی 25 ٹیموں کے ایونٹ میں انگلینڈ اور 17 ٹیموں کے ویمنز ایونٹ میں مصر دفاعی چیمپئن ہیں۔مردوں کے ایونٹ میں 8 پول ہیں جبکہ ہر پول کی دو ٹاپ ٹیمیں ناک آؤٹ راونڈ میں جگہ بنائیں گی، افتتاحی دن پول سی میں پاکستان ٹیم کا مقابلہ جرمنی کی مضبوط ٹیم سے ہوگا، بعدازاں اسے ایک اور مضبوط ٹیم نیوزی لینڈ کا سامنا درپیش ہوگا۔