یوکرین کے بڑے ڈرون حملے میں روس کی آئل ریفانری تباہ
یوکرین نے روسی دارالحکومت ماسکو پر جنگ کے آغاز سے اب تک کے سب سے بڑے ڈرون حملوں میں سے ایک میں اہم آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے ڈرون حملے کے بعد شہر کے جنوب مشرقی علاقے میں کئی گھنٹوں تک آگ اور سیاہ دھوئیں کے بادل چھائے رہے۔ ریفائنری تباہ ہوگئی اور پیداواری صلاحیت صفر رہ گئی۔ملک کی سب سے اہم اور بڑی آئل ریفائنری کے بند ہوجانے سے روس میں ایندھن کی قلت مزید بڑھنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔روس کے میئر سرگئی سوبیانین نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے سیکڑوں یوکرینی ڈرونز کو تباہ کیا لیکن متعدد ڈرون ماسکو کی گیزپروم نیفٹ آئل ریفائنری تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔یہ ریفائنری ماسکو اور اس کے گرد و نواح کے لیے پیٹرول اور دیگر ایندھن کی فراہمی کا اہم مرکز سمجھی جاتی ہے اور خطے کی تقریباً ایک تہائی ضروریات پوری کرتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے بعد ریفائنری سے اٹھنے والا سیاہ دھواں کئی کلومیٹر دور سے دیکھا گیا، جبکہ قریبی رہائشی علاقوں، شاپنگ سینٹرز اور رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ماسکو ریجن کے گورنر نے بھی تصدیق کی کہ یوکرین کے اس حملے میں ایک آٹھ سالہ بچی ہلاک ہوئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔



