معاہدے پر دستخط کے بعد ایرانی وفد امریکا سے مزید مذاکرات کیلیے سوئٹزرلینڈ روانہ
ایرانی وفد امریکا سے طے پانے والے معاہدے کی جزئیات اور اس پر عمل درآمد سے متعلق بات چیت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگیا جہاں پہلے ہی صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر موجود ہیں جب کہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی پہنچنے ہی والے ہیں۔ایرانی خبر رساں اداروں فارس اور مہر کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ایرانی مذاکراتی وفد چند ہی لمحوں میں سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہوگا جہاں امریکی نمائندوں کے ساتھ عبوری معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق مذاکرات کیے جائیں گے۔ایرانی ترجمان نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے ان مذاکرات کا بنیادی مقصد یہ جاننا ہے کہ امریکا معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں کس طرح اور کب پوری کرے گا۔ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اس بات چیت میں معاہدے پر عمل درآمد کا واضح طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا اور اہداف کی ٹائم لائن بنائی جائے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ ایرانی وفد مذاکرات کے دوران واضح طور پر اس بات پر زور دے گا کہ امریکا عبوری معاہدے میں کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عمل کرے۔ایرانی ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے اپنے وعدوں پر عمل درآمد سے انکار کیا یا معاہدے کی خلاف ورزی کی تو ایران خاموش نہیں رہے گا۔



