فیفا ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ فٹبال ٹیم کا سامان چوری کرنے کے الزام میں دو افراد گرفتار
امریکا میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ فٹبال ٹیم کا سامان چوری کرنے کے الزام میں دو افراد پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصطفیٰ سالک اور عرفان کمال کے خلاف چوری شدہ سامان رکھنے کے الزام میں ایک ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 18 ہزار امریکی ڈالر ہے جس میں انگلینڈ ٹیم کی کٹس اور دیگر ضروری آلات شامل تھے۔بیان کے مطابق سامان اس وقت چوری کیا گیا جب اسے فلوریڈا میں قائم انگلینڈ کے تربیتی کیمپ سے کینساس سٹی میں واقع ورلڈ کپ بیس کی جانب منتقل کیا جا رہا تھا۔تفتیشی حکام کے مطابق دونوں ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا جس کے بعد ان پر فردِ جرم عائد کی گئی۔ریاستی قانون کے تحت اس جرم میں ملوث افراد کو زیادہ سے زیادہ سات سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔واقعے کے بعد حکام نے ورلڈ کپ سے متعلق ٹیموں کے سامان اور لاجسٹکس کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔



