وزیراعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات
سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے وزیرِاعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں خطے میں قیام امن کے حوالے سے بات کی گئی۔مشرق وسطی میں قیام امن کے لیے اسلام آباد کی میزبانی میں چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس ہوا جس میں شرکت کے بعد سعودی عرب کے وزیر خارجہ وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے۔سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی آمد پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے ان کا استقبال کیا بعدازاں وزیراعظم نے اپنے دفتر میں آمد پر سعودی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا۔وزیر اعظم کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی جس میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، مشیر برائے قومی سلامتی و ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم ملک بھی موجود تھے۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ وزیر اعظم نے سعودی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا اور خادم الحرمین الشریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنے پرتپاک نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے بھی نیک خواہشات کا پیغام دیا۔پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے موجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کی جانب سے اختیار کردہ غیر معمولی تحمل کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔



