ترک صدر کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی سخت مذمت، مکہ دفاعی معاہدہ پارلیمان میں پیش کرنے کا اعلان
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ریاض پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کو مؤثر اور مستقل ادارہ جاتی نظام میں ڈھالنے پر کام جاری ہے، جبکہ معاہدے کی داخلی منظوری کے لیے اسے آئندہ دنوں میں ترک پارلیمان میں پیش کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ترک کابینہ کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں لبنان سے یمن اور ایران تک کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق علاقائی تنازعات کو مزید پھیلانے کے بجائے مذاکرات، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک کو امن و استحکام کے لیے مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی اور ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقسیم اور انتشار کو ہوا دینے کی کوششیں پورے خطے کے لیے نقصان دہ ہیں۔
