یو اے ای پرواز واقعہ، نیتن یاہو اور اماراتی صدر میں ہنگامی رابطہ
پرواز کے دوران مبینہ ہنگامہ آرائی کے واقعے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ روز شام گفتگو ہوئی، جس میں دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 میں پیش آنے والے واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارے کے کو پائلٹ پر مبینہ طور پر کپتان پر چاقو سے حملہ کرنے اور طیارے کو جان بوجھ کر حادثے کا شکار بنانے کی کوشش کا الزام سامنے آیا۔
مسافروں نے مداخلت کرکے مبینہ حملہ آور کو قابو کیا جس کے بعد طیارے میں موجود دیگر آف ڈیوٹی پائلٹس نے پرواز کا کنٹرول سنبھالا اور طیارے کو سعودی عرب میں ہنگامی طور پر اتارا گیا۔
اسرائیلی وزیر خارجہ نے بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے اماراتی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک نے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ بننے والے انتہا پسند عناصر کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ادھر اماراتی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرنے والی ٹیمیں متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔
فلائی دبئی نے بھی عوام سے قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے سے متعلق تمام حقائق ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔
واقعے کے بعد فلائی دبئی نے اسرائیل کے لیے آنے اور جانے والی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق سعودی حکام نے مبینہ حملہ آور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
