غزہ کی تعمیر نو کیلئے اقدامات کیے جائیں، چین
چین نے مشرق وسطیٰ، خصوصاً خلیجی ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کے احترام پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے بین الاقوامی تجارت اور سپلائی چینز کو مستحکم رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔چینی نائب صدر ہان ژینگ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک، بشمول خلیجی ریاستوں کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی صنعتی اور سپلائی چینز کو مستحکم اور بلا رکاوٹ رکھا جائے تاکہ عالمی تجارت متاثر نہ ہو۔ہان ژینگ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے متعلق صورتحال عالمی تجارت، توانائی کی ترسیل اور سپلائی چینز پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ خلیج تعاون کونسل نے بھی حالیہ دنوں میں بحری آمدورفت میں رکاوٹوں اور بڑھتے ہوئے نقل و حمل کے اخراجات کے عالمی اقتصادی اثرات کی نشاندہی کی ہے۔چینی نائب صدر نے فلسطین کے معاملے پر بھی بیجنگ کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے کے انتظام کو آگے بڑھانے اور جنگ کے بعد غزہ کی تعمیر نو کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ ان کے مطابق غزہ میں مستقبل کا انتظام اس اصول کے تحت ہونا چاہیے کہ ’’فلسطین کا انتظام فلسطینی کریں‘‘۔
