نورا فتیحی کا فٹبال شائقین کےلیے نیا گانا ’چیمپئنز‘ ریلیز کردیا گیا
اداکارہ، گلوکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی نے فٹبال کے مداحوں کے لیے اپنا نیا گانا ’’دی وکٹری اینتھم: چیمپئنز‘‘ جاری کردیا ہے، جس میں کھیل کے جوش، جذبے اور کامیابی کے لمحات کو موسیقی کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
نورا فتیحی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے نئے گانے کی ریلیز کا اعلان کیا، جس کے بعد گانے کی میوزک ویڈیو بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ ویڈیو میں نورا فتیحی فٹبال جرسی پہنے شائقین کے درمیان پُرجوش انداز میں رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ اس میں فٹبال کے جنون اور کھیل کے ماحول کو نمایاں کیا گیا ہے۔
گانے کی ریلیز کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے نورا فتیحی کی نئی پیشکش کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ صارفین نے اسے فٹبال کے شائقین کے لیے ایک توانائی سے بھرپور تحفہ قرار دیتے ہوئے گلوکارہ کے انداز کی تعریف کی ہے۔
چیمپئنز کی ریلیز ایسے وقت میں ہوئی ہے جب نورا فتیحی کو ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں بنگلادیشی نژاد امریکی موسیقار، ڈی جے اور پروڈیوسر سنجوئے دیب کے ساتھ پیش کیے گئے آفیشل گانے ’’سیئر سیئر‘‘ کے بعد عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔
نورا فتیحی اور سنجوئے دیب نے ایک بار پھر مشترکہ طور پر اس نئے ترانے کے ذریعے موسیقی کے میدان میں اپنی شراکت جاری رکھی ہے۔ دونوں فنکاروں کی جوڑی کو پہلے بھی عالمی سطح کے میوزک پراجیکٹس میں پسند کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نورا فتحی فٹبال سے خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں اور ماضی میں بھی فٹبال ورلڈ کپ کے دوران اپنے آبائی ملک مراکش کی بھرپور حمایت کرتی رہی ہیں۔



