ایران کیساتھ معاہدہ طے پاگیا،ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک اہم معاہدہ تقریباً طے پا گیا ہے جس کے باعث آج رات ہونے والے فضائی حملے منسوخ کر دیے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ معاہدے کے بنیادی نکات پر امریکا، ایران اور فریقین کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا ہو چکا ہے۔ اس لیے اب حملے نہیں کریں گے۔انھوں نے مزید بتایا کہ معاہدے کے حتمی نکات اور بنیادی تصور دونوں لحاظ سے تمام متعلقہ فریقوں کی منظوری حاصل کر چکے ہیں۔صدر ٹرمپ کے بقول ان ممالک میں امریکا، اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، پاکستان، بحرین، کویت، اردن، مصر اور دیگر شامل ہیں۔امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران بحریہ کی ناکہ بندی امریکی فوج اُس وقت تک برقرار رکھے گی جب تک معاہدے پر باقاعدہ دستخط نہیں ہو جاتے۔ دستخط کی جگہ اور وقت کا اعلان جلد کیا جائے گا۔اس بیان کے کچھ دیر بعد وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی دستاویزات تقریباً حتمی مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان زیرِ غور معاہدہ آئندہ چند دنوں میں حتمی شکل اختیار کر سکتا ہے اور اس سے متعلق دستاویزات کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔



