امریکی اور اسرائیلی حملے روکنا آپ کی ذمہ داری ہے، ایران کا خلیجی ممالک کو سخت پیغام

امریکی اور اسرائیلی حملے روکنا آپ کی ذمہ داری ہے, ایران کا خلیجی ممالک کو سخت پیغام

تہران: ایران نے خلیجی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین، فضائی حدود اور فوجی تنصیبات کو امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے کے تمام ممالک، خصوصاً خلیج فارس کے جنوبی ساحل پر واقع ریاستوں کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے علاقوں کو ایران کے خلاف کسی بھی دشمنانہ سرگرمی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی، تنظیم، عمل درآمد یا معاونت کے لیے کسی بھی ملک کی سرزمین یا سہولیات کا استعمال خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق موجودہ علاقائی صورتحال انتہائی حساس ہے اور تمام پڑوسی ممالک کو کشیدگی میں اضافے کے بجائے امن، استحکام اور سفارتی حل کی حمایت کرنی چاہیے۔
تہران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے کے ممالک کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو تنازعات کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
ایران کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے کی سکیورٹی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق تہران کی جانب سے خلیجی ممالک کو دیا گیا یہ پیغام علاقائی اتحاد، سکیورٹی تعاون اور ممکنہ فوجی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں