امریکا: دنیا کا سب سے بڑا بلینکٹ فورٹ
امریکا میں ایک ہائی اسکول نے دنیا کا سب سے بڑا ’بلینکٹ فورٹ‘ (کمبل، چادر اور تکیوں سے بنا خیمہ) بنا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
نیواڈا ہائی اسکول کے طلبا نے 14 ہزار 103 مربع فٹ رقبے پر محیط یہ خیمہ بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
کلارک کاؤنٹی کے مطابق یہ خیمہ ویسٹ کیریئر اینڈ ٹیکنیکل اکیڈمی کے طلبا نے ڈیزائن کیا تھا جبکہ اسے ڈیزرٹ برِیز کمیونیٹی سینٹر میں مقامی رضاکاروں اور مختلف اسپانسرز کی مدد سے تعمیر کیا گیا۔
کلارک کاؤنٹی کے کمشنر جسٹن جونز نے ایک بیان میں کہا کہ یہ منصوبہ صرف عالمی ریکارڈ قائم کرنے سے متعلق نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد پوری کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا، فوسٹر اور رشتہ داروں کی سرپرستی میں رہنے والے بچوں اور خاندانوں کے لیے یادگار لمحات تخلیق کرنا اور فوسٹر کیئر سے وابستہ بچوں اور نگہداشت کرنے والوں کی ضروریات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔
ریکارڈ کی تصدیق کے لیے گینیز ورلڈ ریکارڈز کے ایک سرکاری جج بھی موقع پر موجود تھے، جنہوں نے تصدیق کی کہ 14 ہزار 103 مربع فٹ پر پھیلا یہ ڈھانچہ دنیا کا سب سے بڑا بلینکٹ فورٹ ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 2024 میں امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا میں قائم کیا گیا تھا، جس کا رقبہ 12 ہزار 291 مربع فٹ تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے قواعد کے مطابق فورٹ میں ایک انچ سے بڑا کوئی خلا موجود نہیں ہونا چاہیے تھا، تمام چادروں کا زمین کو چھونا ضروری تھا اور اندرونی حصہ اتنا کشادہ ہونا چاہیے تھا کہ ایک شخص آرام سے بیٹھ سکے۔



