بھارتی حکومت نے سیف علی خان کی 45 کھرب مالیت کی جائیداد پر قبضے کی تیاری کرلی

بھارتی اداکار سیف علی خان کو اسپتال سے صحت یاب ہونے کے بعد واپسی پر ایک بڑی خبر کا سامنا کرنا پڑا ہے جس سے وہ بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیف علی خان کے خاندان ’’پٹودی فیملی‘‘ کی تاریخی جائیدادیں حکومت کے قبضے میں جانے کا خدشہ ہے، جن کی مجموعی مالیت 15 ہزار کروڑ بھارتی روپے ہے، جو کہ پاکستانی روپوں میں 45 کھرب سے زیادہ مالیت کی ہے۔
بھارت کی مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ دیتے ہوئے 2015 میں ان جائیدادوں پر عائد حکم امتناع کو ختم کردیا ہے جس سے ممکنہ طور پر اینمی پراپرٹی ایکٹ 1968 کے تحت ان جائیدادوں پر قبضے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
اینمی پراپرٹی ایکٹ کے تحت بھوپال میں پٹودی خاندان کی 15000 کروڑ روپے کی جائیداد پر حکومت کنٹرول حاصل کرسکتی ہے۔
پٹودی خاندان کی تاریخی نمایاں جائیدادوں میں فلیگ اسٹاف ہاؤس، جہاں سیف علی خان نے اپنا بچپن گزارا، اس کے ساتھ نورالصباح پیلس، دارالسلام، حبیبی کا بنگلہ، احمد آباد پیلس، کوہیفزہ پراپرٹی اور دیگر شامل ہیں۔
جسٹس وویک اگروال نے حکم سناتے ہوئے کہا کہ ترمیم شدہ اینمی پراپرٹی ایکٹ 2017 کے تحت ایک قانونی علاج موجود ہے، اور متعلقہ فریقوں کو 30 دنوں کے اندر نمائندگی داخل کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے مزید کہا کہ ’’اگر آج سے 30 دنوں کے اندر کوئی نمائندگی دائر کی جاتی ہے، تو اپیل اتھارٹی حد کے پہلو کی طرف اشارہ نہیں کرے گی اور اپیل کو اپنے میرٹ پر نمٹائے گی۔‘‘